’کچا بادام‘ کے گلوکار کو مداح سے تحفے میں Iphone مل گیا

June 26, 2022

فائل فوٹو

’کچا بادام‘ گانے سے سوشل میڈیا پر مشہور ہونے والے بھارتی گلوکار بھوبن بڈیاکر کو مداح نے تحفے میں آئی فون دے دیا۔

بھارتی ریاست مغربی بنگال کا ایک مونگ پھلی بیچنے والا بھوبن اپنا گانا ’کچا بادام‘ وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا اسٹار بن گیا۔

بھوبن نے دہلی میں ایک شو میں پرفارم کیا جس کے بعد ان کے ایک مداح نے انہیں ایک آئی فون 13 تحفے میں دیا۔

اس موقع پر بھوبن نے کہا کہ مداح کی محبت دیکھ کر بہت خوش ہوں، میں نے کبھی اس کی توقع نہیں کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں نے مجھے نوازا ہے، میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ایسا ہوگا اور میری زندگی میں ایسی اچھی چیزیں آئیں گی، میں اس فون سے تصویریں کھینچ رہا ہوں۔

وائرل ہونے کے بعد سے، ’کچا بادام‘ گلوکار نے ’دادا گیری‘ اور ’اسمارٹ جوڑی‘ جیسے ریئلیٹی شوز میں حصہ لیا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی ریاست مغربی بنگال کے گاؤں کرلجوری کے رہائشی اور مونگ پھلیاں بیچنے والے بھوبن بڈیاکر کو اس وقت شہرت ملی جب ان کا گانا کچا بادام‘ راتوں رات سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

یہ گانا اک تارا نامی یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کیا گیا تھا جس میں بھوبن کو گانا گاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔