کراچی کی نمائندگی و قیادت جماعت اسلامی ہی کرسکتی ہے، حافظ نعیم

June 27, 2022

کراچی (سٹاف ر پو ر ٹر )جماعت اسلامی کے تحت 24جولائی کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے ضلع وسطی نارتھ ناظم آباد بلاک Aاور بلاک Fکے رہائشیوں کی جانب سے امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کے اعزاز میں علیحدہ علیحدہ استقبالیہ دیا گیا جس میں علاقے کے معززین سمیت عام افرادنے شرکت کی، استقبالیوں سے امیرضلع وسطی سید وجیہ حسن، معروف سماجی رہنما ہمایوں نقوی،یوسی 8کے نامزد وائس چیئرمین ذوالفقار احمد، ڈاکٹر حارث،امیدوار برائے جنرل کونسلر طارق بن نصیر ودیگر نے بھی خطاب کیا،حافظ نعیم الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کا ماضی اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کی نمائندگی و قیادت صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی کرسکتی ہے،2001میں جب نعمت اللہ خان سٹی ناظم منتخب ہوئے تو اس وقت کراچی کی صورتحال آج سے زیادہ خراب تھی لیکن نعمت اللہ خان نے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ مل کر ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، انہوں نے کہا کہ وفاق اورصوبہ دونوں مل کر کراچی کے عوام کو بیوقوف بنارہے ہیں،تمام وفاقی وصوبائی حکومتی جماعتیں کراچی کے شہریوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کررہی ہیں۔وجیہ حسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے یوسی 8میں ایسے ہیرے پیدا کیے کہ جنہوں نے عوام کی خدمت کے لیے دن رات محنت کی،سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان بھی اسی یوسی کے رہائشی تھے،ہم پر امید ہیں کہ ایک دفعہ پھر سے اسی یوسی سے کامیاب ہوکر کراچی کی خدمت کریں گے۔