کراچی میں کورونا شرح 9 فیصد سے زائد ریکارڈ

June 28, 2022

—فائل فوٹو

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 9 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمۂ صحت کے ترجمان کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے کیسز مثبت آنے کی شرح 9 اعشاریہ 21 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس دوران شہرِ قائد میں کورونا کے 2 ہزار 607 ٹیسٹ کیے گئے، جن کے نتیجے میں 240 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

کورونا وائرس کی سب سے زیادہ شرح مردان میں 13 اعشاریہ 04 فی صد رہی، کوئٹہ میں کورونا شرح 6 اعشاریہ 12 فیصد، راولپنڈی، اسلام آباد اور حیدر آباد میں صفر فیصد رہی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسزکی شرح 2 اعشاریہ 42 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 50 ویں نمبر پر ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 2 کورونا مریض فوت ہو گئے۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 333 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، مزید 105 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔

پاکستان بھر میں اب تک 30 ہزار 392 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کُل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 34 ہزار 603 ہو چکی ہے۔