پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کیسے ہوا؟ امریکی صحافی نک رابرٹسن نے تفصیلات بتا دیں۔
امریکی صحافی کا کہنا ہے کہ کئی دنوں سے پوری دنیا بھارت، پاکستان کے درمیان سیز فائر کی کوشش کر رہی تھی، بھارت نے پاکستان کی ایئر بیسز پر حملہ کیا۔
نک رابرٹسن نے کہا کہ بھارتی حملے کے بعد پاکستان نے بھارت پر نہ رکنے والے میزائلوں کی بارش کر دی، پاکستانی میزائل حملوں کے بعد بھارت مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور ہوا، پاکستان کے میزائل حملوں نے بھارت کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کر دیا۔
امریکی صحافی کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ نے سعودی عرب، ترک حکام سے رابطہ کیا، سعودی اور ترک حکام سے رابطے کے بعد سفارتی طریقے سے معاملہ حل ہوا اور سیز فائر ممکن ہوا۔
خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق کرلیا گیا ہے، جس کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور بھارتی حکام کی جانب سے کردیا گیا ہے۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کر لیا، دونوں ملکوں کے درمیان شام ساڑھے 4 بجے سے سیز فائر ہو گیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیز فائر کے لیے تیار ہیں اگر بھارت کوئی جارحیت کرے گا تو ہم جواب دیں گے، جن ممالک نے سیز فائر میں حصہ ڈالا ان کا مشکور ہوں۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ تمام صورتِ حال میں امریکی وزیرِ خارجہ نے بھی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ 48 گھنٹوں سے میں اور نائب امریکی صدر پاکستان اور بھارتی اعلیٰ حکام سے رابطے میں تھے۔
اس سے قبل پاکستان کی مسلح افواج نے بھارت کے مسلسل جارحانہ اقدامات کا منہ توڑ جواب آپریشن بنیان مرصوص سے دے دیا ہے، آپریشن کے دوران بھارت میں 10 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ آدم پور، ادھم پور، بٹھنڈا، سورت گڑھ، مامون، اکھنور، جموں، سرسہ اور برنالہ کی ایئر بیسز اور فیلڈز کو تباہ کردیا گیا جبکہ بھارتی اڑی فیلڈ سپلائی ڈپو، سرسہ اور ہلوارا ایئر فیلڈ بھی تباہ کر دی گئی۔