دانیہ شاہ کے حوالے سے ہمارے وکیل بات کرینگے، بشریٰ اقبال

June 29, 2022

گوگل فوٹوز

عامر لیاقت حسین کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال کا کہنا ہے دانیہ شاہ کے حوالے سے ہمارے وکیل بات کریں گے۔

سندھ ہائیکورٹ میں عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کے بعد بشریٰ اقبال نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کی۔

عامر لیاقت کی سابقہ اہلیہ بشریٰ اقبال نے کہا کہ پوسٹ مارٹم کی درخواست دائر کرنے والے شہری عبدالاحد آج بھی نہیں آئے، ان کی تشویش سمجھ آ رہی ہے۔

بشریٰ اقبال نے کہا کہ افسوس ہے کہ جو چلا گیا اس کے گھر والوں کے کورٹ کچہری کے چکر لگوائے جا رہے ہیں، پتہ نہیں اس کے پیچھے کیا ہے، افسوس ہمارے اندر سے انسانیت ختم ہوگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر ایکٹیو ہو کر خبریں دے رہے ہیں وہ یہاں جج صاحب کے سامنے کیوں پیش نہیں ہوئے۔

واضح رہے کہ آج سندھ ہائیکورٹ نے عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم روکنے کے حکم امتناع میں توسیع کر دی۔

ہائی کورٹ نے 19 جولائی تک عامر لیاقت کی قبر کشائی نہ کرنے کا حکم برقرار رکھا ہے۔