عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل وزیراعلیٰ مہاراشٹرا اُدھو ٹھاکرے مستعفی

June 29, 2022

فوٹو: فائل

اپنے خلاف عدم اعتماد کے ووٹ سے قبل مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ اُدھو ٹھاکرے نے وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

واضح رہے کہ اُدھو ٹھاکرے کا استعفیٰ ایسے وقت میں سامنے آیا جب بھارت کی سپریم کورٹ نے ان کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ کی اجازت دی۔

اُدھو ٹھاکرے نے آن لائن خطاب میں اعلان کیا کہ وہ نہ صرف وزارتِ اعلیٰ بلکہ قانون ساز کونسل سے بھی استعفیٰ دے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اراکین صرف نمبرز دکھانے کے لیے گِنے جاتے ہیں اور میں اس میں دلچسپی نہیں رکھتا۔

اُدھو ٹھاکرے کا کہنا تھا کہ ’کل یہ لوگ کہیں گے کہ انہوں نے شیو سینا کے بال ٹھاکرے کے بیٹے کو اقتدار سے ہٹادیا۔‘

انہوں نے ساتھ دینے پر انڈین نیشنل گانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار کا شکریہ بھی ادا کیا۔