کراچی: چینی قونصل جنرل کی وفد کے ہمراہ آئی جی سندھ سے ملاقات

June 30, 2022

چینی وفد کا ملاقات کے بعد سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران کے ہمراہ گروپ

کراچی میں تعینات چین کے قونصل جنرل لی بیجیان (Li Bijian) نے 13 رکنی وفد کے ساتھ آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے سینٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت صوبہ سندھ میں جاری مختلف ترقیاتی پراجیکٹس، سی پیک روٹ سے وابستہ چینی باشندوں، ماہرین اور دیگر اسٹاف کے حفاظتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر آئی جی سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس امن و امان کی صورتحال پر مکمل کنٹرول اور عوام کے جان و مال کے تحفظ جیسی ذمہ داریوں میں ہمہ وقت مستعد اور الرٹ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل میں وقتاً فوقتاً مشاورت اور تجاویز کے عمل پر بھی توجہ رکھے ہوئے ہے جس کا مقصد سیکیورٹی پلان کو ہر لحاظ سے ٹھوس اور غیر معمولی بنانا ہے۔

ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے وفد کو کراچی یونیورسٹی میں دہشت گردانہ حملے کے کیس پر بریفنگ دی اور اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔

ڈی آئی جی ایس پی یو / سی پیک نے چین پاکستان اقتصادی راہداری پر سیکیورٹی کے جملہ امور سے بھی تفصیلی آگاہی دی۔

چینی قونصل جنرل نے صوبے میں جاری سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات پر حکومتِ چین کی جانب سے سندھ پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ پولیس کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔