عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق لیے جانے کی ترمیم چیلنج کر دی

July 04, 2022

فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین، سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے ووٹ کا حق لیے جانے کی ترمیم سپریم کورٹ میں چیلنج کر دی۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں وفاق، الیکشن کمیشن اور نادرا کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ الیکشن ایکٹ میں کی گئی ترامیم کو غیر آئینی قرار دے، الیکشن کمیشن اور دیگر کو اوورسیز پاکستانیوں کو دی گئی ووٹ کی سہولت کی فراہمی کا حکم دیا جائے۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو نادرا کو فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، نادرا اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ووٹ ڈالنے کا طریقہ کار بنائے۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی نے نیب قوانین میں ترامیم اور الیکشن ترمیمی بل 2022ء منظور کیا تھا۔

اس بل کے تحت الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) اور اوورسیز ووٹنگ سے متعلق گزشتہ حکومت کی ترامیم ختم کر دی گئی ہیں۔