بھارتی طیارہ تاحال کراچی ایئر پورٹ پر موجود

July 05, 2022

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے کہا ہے کہ بھارتی ایئرلائن کا مسافر طیارہ تاحال کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہے۔

ترجمان سی اے اے کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے انجینئر نے متاثرہ بھارتی طیارے کے انجن کا معائنہ کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق جہاز میں موجود مسافروں کو کھانے پینے کی اشیاء پہنچا دی گئیں، بھارتی مسافر طیارہ انجن خرابی کے باعث آج صبح 09:17 بجے ایئرپورٹ پر اترا تھا۔

ترجمان کے مطابق طیارے میں 138 مسافر سوار ہیں، مسافروں کو ٹرانزٹ لاؤنج میں پہنچا دیا جائے گا۔

بھارتی ایئرلائن کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ ہم مسافروں کے لیے متبادل طیارہ بھیج رہے ہیں۔