مصروف شاہراہوں کے نزدیک رہنے سے موت کا خطرہ زیادہ کیوں؟

July 06, 2022

—فائل فوٹو

ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ مصروف شاہراہوں کے نزدیک رہنے سے موت کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

نیویارک یونیورسٹی کے محققین نے ایک تحقیق میں انکشاف کیا ہے کہ جو لوگ فضائی آلودگی کی اوسط سے زیادہ سطح کا سامنا کرتے ہیں ان کے اگلے 14 سالوں میں مختلف بیماریوں، خصوصاً دل کی بیماریوں میں مبتلا ہوکر مرنے کے امکانات 20 فیصد زیادہ ہوتے ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ایسی صورتِ حال میں دل کے دورے اور فالج کا خطرہ 17 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

اس حوالے سے ماہرِ امراضِ قلب ڈاکٹر راجیش ویدانتھن نے کہا ہے کہ ’ہماری یہ تحقیق اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ان ڈور اور آؤٹ ڈور فضائی آلودگی، جدید صحت کی خدمات تک رسائی، شور کی آلودگی، آلودہ سڑکوں کے نزدیک رہنا، اموات اور خاص طور پر امراضِ قلب سے ہونے والی اموات کا سبب بن سکتا ہے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’ہماری تحقیق کے نتائج عمر اور روایتی ذاتی خطرے کے عوامل سے آگے بیماری کے خطرات کے عوامل کو جاننے کے لیے مطالعے کو وسیع اور واضح کرنے میں مدد کرتے ہیں‘۔

یہ تحقیق ایران کے علاقے گلستان میں 40 سال سے زیادہ عمر کے 5 ہزار افراد پر کی گئی تھی۔

تحقیق میں شامل زیادہ تر شرکاء کا تعلق متوسط طبقے سے تھا اور اس تحقیق کے لیے 2004ء سے ان تمام شرکاء کی صحت کی نگرانی کی جا رہی تھی۔

اس تحقیق کے دوران محققین کو یہ پتہ چلا کہ 3 میں سے ایک شخص جو کسی بھی مصروف سڑک کے قریب 500 میٹر کے فاصلے کے اندر رہتا تھا، اُس کی موت کے خطرے میں 13 فیصد اضافہ ہوا۔

اس کی وجہ یہ ہے کہ گلستان کے رہنے والے بند جگہوں پر پکاتے ہیں، جس سے دل کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ مائیکل ہیڈلی کا کہنا ہے کہ ’یہ نتائج صحت کے پالیسی سازوں کے لیے ایک نئے موقع کی عکاسی کرتے ہیں کہ وہ اپنی برادریوں میں امراض کے بوجھ کو کم کر کے قلبی صحت پر فضائی آلودگی جیسے ماحولیاتی خطرے کے عوامل کے اثرات کو کم کر سکیں‘۔

ورلڈ بینک کے مطابق دنیا کی موجودہ آبادی کا 50 فیصد شہری علاقوں میں رہتا ہے اور متوقع طور پر 2045ء میں شہری آبادی 6 ارب تک پہنچ جائے گی۔