عید قرباں میں تین دن باقی، سپر ہائی وے مویشی منڈی میں شہریوں کا رش کم

July 06, 2022

عید قرباں میں تین دن باقی رہ گئے، لیکن کراچی کی سپر ہائی وے مویشی منڈی میں شہریوں کا رش کم دیکھنے میں آیا، بارش کے بعد منڈی میں کیچڑ، پانی، بیوپاریوں کو جانوروں کی دیکھ بھال میں مشکلات کا سامنا ہے۔

خراب موسم کے باعث جانور لے جانے والے گاڑی ڈرائیورز نے کرائے بڑھا دیے، مویشی منڈی سے لانڈھی، کورنگی، سرجانی اور دیگر علاقوں تک کا کرایہ بڑھا دیا گیا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سپر ہائی وے مویشی منڈی میں تین لاکھ سے زائد جانور لائے گئے، اب تک ایک لاکھ سے زائد جانور فروخت ہوئے ہیں۔

منڈی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی کے لیے واٹر بورڈ کی مشینری منگوائی گئی ہے، نکاسی آب کا مؤثر انتظام اس لیے نہیں کیوں کہ عارضی منڈی ہے، جو بیوپاری بھی منڈی آ رہے ہیں ان سے جگہ کا کرایہ نہیں لیا جا رہا۔

انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ جو چاہے اپنے جانور فروخت کے لیے منڈی لا سکتا ہے، جن جانوروں میں لمپی اسکین تھی انہیں واپس بھیجا گیا ہے، رواں سال لمپی اسکین کے باعث کم جانور فروخت کے لیے لائے گئے ہیں۔