کراچی بھیجے گئے 78 پولیس اہلکاروں کیخلاف تحقیقات

April 27, 2024

شکارپور سے کراچی تبادلہ ہونے والے 78 پولیس اہلکاروں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

کچے کے ڈاکوؤں کےلیے سہولت کاری کے الزام میں 78 پولیس اہلکاروں کو شکارپور سے کراچی تبادلہ کیا گیا ہے۔

آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے تصدیق کی ہے کہ اہل کاروں کو کراچی میں کوئی پوسٹنگ نہیں دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہل کاروں کے خلاف جرائم پیشہ افراد سے روابط سمیت کئی شکایات تھیں، جن کی بنیاد پر انھیں پوسٹنگ سے ہٹادیا گیا۔

آئی جی سندھ پولیس نے یہ بھی کہا کہ پولیس قوانین کے تحت ان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اہلکاروں کو صفائی پیش کرنے کے لیے شوکاز نوٹس جاری کردیے ہیں، تمام اہلکاروں کو بی کمپنی منتقل کیا جارہا ہے۔

آئی جی سندھ پولیس کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں ہی مزید کارروائی کی جائے گی۔