حب ڈیم مکمل بھرنے کے نشان سے ساڑھے 3 فٹ اوپر چلا گیا

July 26, 2022

حب ڈیم مکمل بھرنے کے نشان سے ساڑھے 3 فٹ اوپر چلا گیا

کراچی اور بلوچستان کے علاقوں کو پانی سپلائی کرنے والے بلوچستان کے حب ڈیم میں پانی کی سطح مکمل بھر جانے کے نشان 339 فٹ سے ساڑھے 3 فٹ بلند ہو گئی ہے، جبکہ ڈیم کے اسپل ویز سے پیر کو پانی کا انتہائی غیر معمولی اخراج ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اس صورتِ حال سے حب ندی میں سیلابی صورتِ حال پیدا ہو گئی اور انتظامیہ نے علاقے میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی ہے۔

واپڈا کے ذرائع کے مطابق پیر کی رات حب ڈیم میں سطحِ آب 342 سے 343 فٹ کے درمیان تھی۔

ذرائع کے مطابق یہی وجہ ہے کہ اسپل ویز سے پانی کافی تیزی سے خارج ہو رہا ہے اور ندی میں سیلابی صورتِ حال ہے، حب ندی کے اطراف کی آبادیوں سے لوگوں کا انخلاءکرایا گیا ہے۔

علاقہ مکینوں کے مطابق حب ندی میں پانی کا بہاؤ بہت تیز ہے، حب ڈیم سے اوور فلو ہونے والا پانی بند مراد کے مقام پر کراچی کے لیے بنی نئی سڑک کی گنجائش سے زائد تھا اور پل سے اوور فلو ہو کر ندی میں گر رہا تھا۔

علاقہ مکینوں کے مطابق رات گئے اس پانی میں مسلسل اضافہ ہو رہا تھا اور آخری وقت تک حب ندی میں اونچے درجے کا سیلاب ہے۔