ڈالرکی قیمت ہر روز 5 روپے بڑھ رہی ہے، حکومت سو رہی ہے: محسن عزیز

July 28, 2022

—فائل فوٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرِ صدارت ملکی معاشی صورتِ حال پرسینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا ہے۔

اجلاس میں سینیٹر محسن عزیز نے کہا ہے کہکمیٹی اجلاس میں سب سے پہلے ملکی معاشی صورتِ حال پر بحث ضروری ہے، ڈالر کی قیمت ہر روز 5 روپے بڑھ رہی ہے اور حکومت سو رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ کار بنانے والی کمپنیوں نے پاکستان میں پروڈکشن بند کر دی ہے، ایل سیز نہ کُھلنے کی وجہ سے فارماسیوٹیکل نے متعدد پراڈکٹس بند کر دی ہیں۔

سینیٹر محسن عزیز نے اجلاس میں سوال کیا ہے کہ کیا جب جنگ ختم ہو جائے تو اس وقت جنرل کی تعیناتی کی جائے؟

اُنہوں نے کہا کہ 3 ماہ ہو گئے، اتحادی حکومت گورنر اسٹیٹ بینک نہیں لگا سکی، ریاست کے اثاثے بیچنے کے لیے تمام قوائد کو ختم کیا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل کو فوری بلایا جائے تاکہ ملکی معیشت پر بات ہو۔

محسن عزیز نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈالرکی بڑھتی ڈیمانڈ سے خوردنی تیل اور باقی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

اس پر وزیرِ مملکت عائشہ غوث پاشا نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی ڈیمانڈ پر تمام مطالبے پورے کیے جا چکے ہیں۔

اُنہوں نے بتایا کہ اگر آئی ایم ایف کی مطالبات نہ مانتے تو معاہدہ بحال نہیں ہو سکتا تھا۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے پیسے ملنے کے بعد روپے کی قدر میں بہتری آ جائے گی۔

عائشہ غوث پاشا نے بتایا کہ دسمبرسے اب تک روپے کی قدر میں 20 فیصد کمی ہوئی۔

اُنہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں منہگائی کی شرح 28 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، روپے کی قدر میں 12 فیصد کمی ڈالر کی قیمت میں اضافے اورسیاسی عدم استحکام کے باعث ہوئی ہے۔

اُنہوں نے بتایا کہ ہمارے پاس پیٹرولیم مصنوعات کے ضرورت کے مطابق ذخائر موجود ہیں، ڈیمانڈ اور سپلائی میں فرق کے باعث ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

وزیرِ مملکت عائشہ غوث پاشا نے بتایا کہ 25 اگست کو آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہو گا۔

اُنہوں نے بتایا کہ عالمی بینک نے پیسے روکے تھے جن کو بحال کرنے کے اقدامات جاری ہیں، چین نے بھی 2.3 ارب ڈالر کے قرض کو رول اوور کر دیا ہے۔

وزیرِ مملکت نے بتایا کہ دوست ممالک سے مالیاتی تعاون حاصل کرنے پر بھی بات چیت ہو رہی ہے، موجودہ ایکٹنگ گورنر اسٹیٹ بینک آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہے ہیں۔

عائشہ غوث پاشا کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک اور ادارے اپنا کام کر رہے ہیں اور رواں ہفتے اسٹیٹ بینک کا گورنر بھی تعینات کر دیا جائے گا۔

عائشہ غوث پاشا کی بات مکمل ہونے پر سینیٹر محسن عزیز نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس او کی تیل کی درآمد کے لیے ایل سیز نہیں کھل رہی ہیں، ڈھائی ماہ سے سن رہے ہیں کہ آج معاہدہ ہوجائے گا، کل معاہدہ ہو جائے گا۔

اُنہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیسوں کی ڈیمانڈ پوری کرنے کے لیے پھر پارلیمنٹ کو بیچ دیں۔

سینیٹر دنیش کمار نےسینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو آگاہ کیا کہ ڈالر کی اسمگلنگ کی وجہ سے ڈالر کے نرخ بڑھ رہے ہیں، کوئٹہ میں ایک شخص کے پاس سے 5 لاکھ ڈالر پکڑے گئے ہیں۔

اُنہوں نے مشورہ دیا کہ 3 بارڈرز بند کر دیں، ڈالر خود بخود نیچے آ جائے گا۔