کراچی، کشتی کو حادثہ، 8ماہی گیر الٹی کشتی پر کلفٹن پہنچ گئے

August 06, 2022


کراچی کے قریب گہرے سمندر میں شکار کے لیے گئے ماہی گیروں کی کشتی کو حادثہ پیش آیا ہے، کشتی پر سوار تمام 8 ماہی گیر اپنی مدد آپ کے تحت الٹی ہوئی کشتی کے پیٹ پر سوار ہوکر ساحل تک پہنچ گئے۔

فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کراچی کے سیکیورٹی انچارج ناصر بونیری کے مطابق کراچی کے سات ماہی گیر المصطفیٰ نامی چھوٹی لانچ نمبر 17205 بی پر سوار ہوکر ناخدا راشد کے ہمراہ گزشتہ رات ماہی گیری کے لیے کراچی کے قریبی گہرے سمندر تک گئے تھے۔

طوفانی لہر کے جھٹکے میں ان کی لانچ الٹ گئی، تمام ماہی گیر ڈوب رہے تھے کہ اپنی مدد آپ کے تحت الٹی ہوئی اسی کشتی کے پیٹ پر سوار ہو گئے اور سخت جدوجہد کے بعد آج صبح سویرے کلفٹن کے قریبی ساحل تک پہنچ گئے۔

لانچ المصطفیٰ کے ناخدا راشد، شیراز، مرتضیٰ، کارو، سلمان، علی اکبر، محسن اور رفیق نے ساحل پر پہنچ کر اپنے عزیز و اقارب کو بتایا جنہوں نے ہنگامی امداد فراہم کی۔

ناصر بونیری کے مطابق تمام ماہی گیر خیریت سے ہیں جبکہ معجزہ کے طور پر بچ جانے والی ان کی لانچ کو جیٹی پر منتقل کیا جا رہا ہے۔