سعودی عرب: عوامی مقامات میں تیز آواز سے بات کرنے پر 100 ریال جرمانہ ہوگا

August 17, 2022

فوٹو: فائل

سعودی عرب نے عوامی مقامات پر تیز آواز میں بات کرنے یا چیخنے پر 100 ریال جرمانے کی پابندی عائد کردی ہے۔

سعودی پبلک ڈیکورم سوسائٹی کے نائب صدر خالد کریم نے کہا کہ پبلک ڈیکورم قانون، شوریٰ اور ماہرین کی منظوری کے بعد وزرا نے منظور کرلیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قانون کی پانچویں شق کے مطابق کوئی بھی شخص جو عوامی مقامات پر اپنی آواز بلند کرکے لوگوں کو خوفزدہ کرے گا یا دھمکائے گا یا نقصان پہنچائے گا تو اس پر 100 ریال کا جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

اعلیٰ سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ ملک کے چند بازاروں میں پچھلے دنوں ہنگامہ آرائی اور جھگڑا کرنے پر سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ان واقعات میں بازاروں میں چیخ و پکار ہوئی، لوگوں کو تنگ کیا گیا اور ایک عوامی جگہ پر شور شرابے سے شہریوں کو تکلیف ہوئی۔

خالد کریم نے شہریوں کو ہدایت دی کہ سعودی عرب میں عوامی مقامات کا تشخص خراب کرنے پر وزارتِ داخلہ کے متعلقہ حکام کو شکایت کی جائے۔

نئے قانون کے مطابق، مرد و خواتین کو مناسب لباس پہننے اور نازیبا الفاظ یا اشارے کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

ان میں لوگوں کی بغیر اجازت تصویر یا ویڈیو بنانے یا اذان کے وقت موسیقی بجانے پر پابندی بھی شامل ہے۔