بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منانا جاری رکھیں گے، کشمیری رہنما

August 19, 2022

لوٹن (نمائندہ جنگ) کشمیری کمیونٹی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ 15اگست بھارت کا یوم آزادی مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک یوم سیاہ کے طور پر منانا جاری رکھیں گے۔ یوم سیاہ کے موقع پر لوٹن کے متعدد کشمیریوں جن میں کوآرڈی نیٹر کشمیر سالیڈیریٹی کمپیئن لوٹن حاجی چوہدری محمد قربان، پی ٹی آئی کے چوہدری شکیل رفیق تھوتھالوی، حاجی چوہدری محمد رحمت تھوتھالوی، چوہدری سرفراز تھوتھالوی، چوہدری گلفراز تھوتھالوی، سماجی شخصیت چوہدری عبدل رشید پوٹھہ بنگش اور پی پی کے لالہ چوہدری محمد تاج سمروڑ شامل تھے نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری امیدوں کا محور اور مرکز ہے جب کہ بھارت نے چونکہ کشمیر کے بڑے حصے پر جابرانہ قبضہ کیا ہوا ہے اور کشمیری عوام کو رائے شماری کا وعدہ پورا کرنے سے انکاری ہے، اس لیے اس کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اور احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دریں اثنا حاجی چوہدری محمد قربان جو میرپور انٹرنیشنل موومنٹ کے چیئرمین بھی ہیں نے کہا ہے کہ برطانیہ کے کشمیریوں کو مودی حکومت کی چالوں سے بھی باخبر رہنے کی ضرورت ہے۔مودی کے بیرونی کارندے خارجہ محاذ پر تحریک آزادی کشمیر کی سرگرمیوں کو سبوتاژ کرنے کیلئے کئی چالیں چل سکتے ہیں اس لیے ان سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔