ریحام خان کی نئی فلم کا موضوع کیا ہوگا؟

September 21, 2022

فائل فوٹو

پروڈیوسر اور عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے نئی فلم بنانے کا ارادہ ظاہر کردیا۔

عمران خان کے بیان پر ردعمل میں نام لیے بغیر ریحام خان نے پیغام جاری کیا جس میں اپنی نئی فلم کے حوالے سے بتایا اور اس فلم کا نام بھی بتادیا۔

ریحام خان نے کہا کہ میرے خیال سے مجھے ایک ’مسٹر ایکس اور مسٹر وائی‘ کے نام سے فلم بنانی چاہیے۔

یہ تو آپ کو معلوم ہوگا کہ 2016 میں ریلیز ہونے والی پاکستانی فلم 'جانان' کی پروڈیوسر ریحام خان تھیں، ریحام خان کے علاوہ اداکارہ حریم فاروق اور عمران رضا کاظمی بھی فلم کے پروڈیوسرز تھے۔

فلم میں مرکزی کردار علی رحمان خان، ارمینا رانا خان اور بلال اشرف نے نبھائے تھے۔


یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ عمران خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گمنام نمبروں سے دھمکیاں دینے کے لیے فون آتا ہے، مسٹر ایکس اور مسٹر وائے لوگوں کو دھمکیاں دیتے ہیں، ان لوگوں کو جواب میں بھی دھمکیاں دو، جو ڈراتا ہے اسے جواب میں بھی ڈراو،خفیہ نمبروں سے ڈرانے والے کہتے ہیں کہ یہ کر لوں گا وہ کر لوں گا، ان سے کہتا ہوں کہ جو کرنا ہے کرو، ہم بھی کریں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما میاں جاوید لطیف کا چیئرمین پی ٹی آئی و سابق وزیرِ اعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عمران خان بتائیں ایکس وائی کون ہے اور وہ کن کو فون کر رہے ہیں؟ پاکستان کے اندر ان دنوں عجیب کھیل کھیلا جا رہا ہے، ملک میں پلاننگ سے فساد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، عمران خان پاکستان کو سری لنکا بنانے کے لیے آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان تمام حدیں پھلانگ چکے، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اداروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، عمران خان اداروں کو دباؤ میں لانے کے لیے واویلہ کرتے ہیں۔