شہر میں ڈاکو راج، پولیس بے بس، مختلف علاقوں میں وارداتیں، شہری لاکھوں کی نقدی، سامان سے محروم

September 27, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ڈاکو راج ،ڈکیتی اور چھینا جھپٹی کی وارداتیں بڑھ گئیں ،پولیس بے بس ،شہریوں میں خوف وحراس، خود کو غیر محفوظ محسوس کررہے ہیں ، تفصیلات کے مطابق مشرف کالونی ایدھی قبرستان کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان نے سائٹ اے تھانے کے اہلکار عمیر خان اور اسکے دوست فیصل کو لوٹ لیا، ملزمان پولیس اہلکار سے سرکاری اسلحہ، موبائل فون ، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر فرار ہوگے، ایف بی ایریا شاہراہ پاکستان انچولی کے قریب بینک کے باہر ڈکیتی کی ورادات میں ملزمان پیٹرول پمپ منیجر سے 30 لاکھ روپے لیکرفائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے،جس سے منیجر کو پاؤں میں زخم آئے ، اطلاعات کے مطابق دو تھیلوں میں 70 لاکھ روپے کی تھے تاہم ملزمان ایک تھیلا لے گئے جسمیں 30 لاکھ روپے کی رقم تھی ، پولیس کے مطابق بینک کے گارڈ بھی قریب موجود تھے تاہم لوگوں کے رش ہونے کے باعث وہ فائرنگ نہیں کرسکے ،علاوہ ازیں کورنگی صنعتی ایریا میں کلاشنکوف اور پستول بردار ملزمان نے ڈیری شاپ ،ہوٹل سمیت کئی دکانوں کو لوٹ لیا ، گلزار کالونی میں ملزمان ملک شاپ سے 6 ہزار اور ہوٹل سے 70 ہزار روپے لوٹے گئے،سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ واردات 5 مسلح ملزمان کی جانب سے کی گئی، ایک ملزم کے پاس کلاشنکوف 4 کے پاس پستول تھے، کلاشنکوف پکڑا ملزم پروفیشنل طریقے سے جامع تلاشی لینے لگا اس نے شناخت چھپانے کے لیے چہرہ مکمل ڈھانپ رکھا تھا ، ملزمان کے دو ساتھی باہر ہتھیار تھامے موجود رہے، خوف پھیلانے کے لیے دکان کے باہر کلاشنکوف سے فائرنگ بھی کی گئی ،دریں اثنا فیڈرل بی ایریا صغیر سینٹر کے قریب دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان تین مختلف ٹی وی اور ویب چینلز کی خاتون اور دیگر صحافیوں سے لاکھوں روپے کے کیمرے لینس، کور ، موبائل فون ، نقدی اور دیگر سامان لوٹ کر باآسانی فرار ہوگئے،واقعہ کی درخواست یوسف پلازہ تھانے میں جمع کراتے ہوئے بتایا گیا کہ ملزمان شکل و صورت اور لہجے سے افغانی معلوم ہورہے تھے، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید اوڈھو نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ویسٹ کو فوری تفتیشی کی ہدایت کرتے ہوئےملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی ہے ۔