مسلح شخص نے گارڈ کے سر پر اسلحہ رکھ کر کلمہ پڑھنے کا کہا، عینی شاہد ٹیلیفون آپریٹر

October 03, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) عوامی کالونی تھانے میں کورنگی میں فائر بریگیڈ آفس میں فائرنگ سے2افراد جاں بحق اور زخمی ہونے کے واقعہ کا مقدمہ عینی شاہد فائربریگیڈ کے ٹیلیفون آپریٹر ذیشان فرید کی مدعیت درج کرلیا گیا، مقدمہ قتل ، اقدام قتل سمیت دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں ، مدعی کے مطابق مسلح افراد آئے اور گارڈ محبوب کو کنٹرول روم میں لےگئے ،جہاں میں بھی موجود تھا، مزید لوگوں کی تلاش میں مسلح شخص دوسرے کمرے میں گیا، ملزمان2اور افراد عامر اور ذیشان کو بھی میرے کمرے میں لے آئے ، مسلح شخص نے گارڈ کے سر پر اسلحہ رکھ کر کلمہ پڑھنے کا کہا اور گولی چلادی، فائرنگ کے بعد مزاحمت ہوئی تو میں دروازے کے قریب تھاپھر بھاگ کر جھاڑیوں میں چھپ گیا، 45منٹ بعد پڑوس میں موجود چوکیداروں سے موبائیل فون لیکر بھائی کو کال کی اور واقعہ کے بارے میں بتایا ،کچھ دیر بعد2پولیس اہلکار تھانےلے آئے جہاں مجھے علم ہوا کہ عامر اور محبوب جاں بحق ہوگئے اور ذیشان زخمی ہو ا۔