تعلیم کی فراہمی ریاست کے بنیادی آئینی فرائض میں شامل ہے، سعید غنی

October 03, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ سعید غنی نے غیر منافع بخش ادارے گرین کریسنٹ ٹرسٹ کے صوبے میں رفا حی بنیادوں پر قائم ہونے والے 160ویں اسکول کا افتتاح کراچی کے پسماندہ علاقے اتحاد ٹاؤن کے ودودیہ محلہ میں کردیا،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت ایسے تمام غیر منافع بخش اداروں کو مکمل سہولتیں فراہم کرے گی جو صوبے کے پسماندہ علاقوں کے بچوں کو تعلیم یافتہ بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ہر ایک بچے کو تعلیم کی فراہمی ریاست اور حکومت کے بنیادی آئینی فرائض میں شامل ہے لیکن نامساعد زمینی حقائق اور معروضی حالات کی بنا پر کوئی بھی حکومت اکیلے یہ فریضہ سر انجام نہیں دے سکتی، حکومت ان غیر سرکاری اداروں کو بھرپور سرپرستی فراہم کرتی ہے جو کہ سرکاری اسکولوں کو گود لینے میں دلچسپی رکھتے ہیں تاکہ وہاں کا معیار تعلیم بہتر بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ تین برسوں میں صوبے میں موجود غیر منافع بخش اسکولوں کی تعداد 250 تک کردی جائے۔