جنگ عظیم دوئم کے نقصانات کی تلافی کی جائے، پولینڈ کا جرمنی سے مطالبہ

October 03, 2022

پولینڈ کے وزیر خارجہ زبیگینیو راؤ

پولینڈ کے وزیر خارجہ زبیگینیو راؤ نے جنگ عظیم دوئم میں ہونے والے نقصان کی تلافی کے لیے جرمنی کو سفارتی نوٹ لکھ دیا، یہ نوٹ پولینڈ کی طرف سے تلافی کا باقاعدہ مطالبہ ہے۔

پولینڈ کی حکمران جماعت نے تخمینہ لگایا تھا کہ جرمنی کی طرف پولینڈ کی 1.26 ٹریلین ڈالر رقم واجب الادا ہے۔

دوسری طرف جرمنی جو پولینڈ کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اس کا کہنا ہے کہ جنگ سے متعلقہ تمام مالی دعوے پورے کیے جاچکے ہیں۔

پولینڈ کے وزیر خارجہ نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ دونوں فریقین مستقل اور پائیدار حل کیلئے اقدامات کریں اور جرمنی کی طرف سے کیے گئے قبضے اور جارحیت کا مسئلہ حل کریں۔

یاد رہے کہ جنگ عظیم دوئم میں 60 لاکھ پولش شہری بشمول 30 لاکھ یہودیوں کے مارے گئے تھے۔

1953ء میں اس وقت کی پولش حکومت نے سوویت یونین کے دباؤ میں آکر ہرجانے کے تمام دعووں سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔