اوپیک کا تیل کی پیداوار میں کمی کا فیصلہ، امریکا کا سعودی عرب کیخلاف جوابی آپشنز کا عندیہ

October 07, 2022

اوپیک پلس کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی پر امریکہ نے سعودی عرب کے خلاف جوابی آپشنز کا عندیہ دے دیا۔

اس بات کا انکشاف امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے لاطینی امریکہ کے ملک پیرو کے دارالحکومت لیما میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

سیکریٹری بلنکن نے اوپیک پلس کا تیل کی پیداوار میں کمی کے فیصلے کو تنگ نظری اور مایوس کن قرار دیا۔ جس کے بعد امریکہ نے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے مختلف جوابی آپشنز پر غور کرنا شروع کر دیا۔

تاہم انہوں نے کہا کہ امریکہ اس حوالے سے کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرے گا جس سے اس کے مفادات کو نقصان پہنچے اور کوئی قدم اٹھانے سے پہلے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے گی۔

وزیر خارجہ کا بیان امریکی ایوان نمائندگان کے اجلاس کے چند گھنٹوں بعد سامنے آیا ہے، جس میں تین اراکین نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی فوجی اثاثوں کے مکمل خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔