ایک سال سے زائد عرصے کورونا سے متاثر رہنے والا مریض بلآخر صحتیاب ہوگیا

November 08, 2022

فائل فوٹو

ایک سال سے زائد عرصے تک کورونا سے متاثر رہنے والا مریض بلآخر صحتیاب ہو گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ411 دن سے مسلسل کورونا وائرس سے لڑنے والے ایک 59 سالہ شخص کا برطانوی ماہرین نے کامیاب علاج کر لیا۔

برطانوی ماہرین نے مذکورہ شخص کا ایک سال کے طویل عرصے تک چلنے والا طریقہ علاج پیر ریویو اکیڈمی جریدے کلینیکل انفیکشن ڈیزیز میں شائع کیا ہے۔

سائنسدانوں نے شائع ہونے والی اس تحقیق میں بتایا کہ کیسے یہ شخص اتنے طویل عرصے تک کورونا وائرس میں مبتلا رہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ مریض کورونا کا شکار ہونے سے قبل گردوں کی پیوند کاری سے گزرا تھا جس کے باعث اس کا مدافعتی نظام کمزور ہوگیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 2020 دسمبر میں مذکورہ مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جو کمزور مدافعتی نظام کے باعث اسے مستقل بنیاد پر لاحق رہی اور جنوری 2022 تک اس کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آتا رہا۔

ماہرین کے مطابق یہ کیس اپنی نوعیت کا نایاب کیس ہے، جس میں طویل عرصے تک مریض کورونا سے متاثر رہا، اس مریض کو B1 قسم کا کورونا وائرس لاحق تھا بعد ازاں یہ اومی کرون میں تبدیل ہوگیا تھا۔

محققین نے دوران تحقیق یہ یقین کرلیا تھا کہ مذکورہ مریض کا بچنا مشکل ہے کیوں کہ کورونا کی کوئی بھی ویکسین اس پر اثر انداز نہیں ہو رہی تھی۔

بعدازاں محققین کا کہنا ہے کہ مذکورہ مریض کو صرف B1 قسم کا کورونا وائرس ہی لاحق تھا، جو کورونا کی ابتدائی شکل تھی جس کا بعد انہوں نے اس کا اسی لحاظ سے علاج کیا ۔ انہوں نے دو اینٹی وائرل کو آپس میں ملا دیا جو اس سے پہلے ایک ساتھ کبھی استعمال نہیں ہوئے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ معجزانہ طور پر یہ طریقہ علاج اس مریض پر اثر انداز ہوگیا اور وہ صحتیاب ہوگیا۔

محققین کا کہنا ہے کہ یہ نایاب کیس ہے اس لئے اس کا طریقہ علاج عام کورونا وائرس کے کیسز میں اثر انداز نہیں ہوگا۔