عمران خان پر حملہ: JIT کیلئے پولیس نے 3 نام دیدیے

November 08, 2022

عمران خان—فائل فوٹو

سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے بننے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) کے لیے محکمۂ داخلہ پنجاب کو پولیس کی جانب سے 3 نام موصول ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی جانب سے محکمۂ داخلہ پنجاب کو موصول ہونے والے ناموں میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب ریاض نذیر گاڑھا کا نام جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سربراہ کے لیے دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی کے لیے دیے گئے دیگر 2 ناموں میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب ناصر ستیاور اے آئی جی مانیٹرنگ احسان الحق چوہان شامل ہیں۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ انٹیلی جنس کے دو افسران کے نام طے کیے جانے کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ وزیرِ دفاع خواجہ آصف کی جانب سے وزیرِ آباد جلسے میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

عمران خان پر قاتلانہ حملہ

3 نومبر کو لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں قاتلانہ حملے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص نوید کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا تھا۔