گوجرانوالہ، ڈاکوؤں پر پستول تاننے والی طالبہ نے واقعے کی تفصیل بتادی

November 22, 2022

گوجرانوالہ کے علاقے گلشن کالونی میں ڈاکوؤں سے اسلحہ چھین کر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنانے والی طالبہ کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

یونیورسٹی آف گجرات کی اس بہادر طالبہ نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو دیے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ اُن کی عمر 19 سال اور نام بسمہ شاہد ہے۔

بسمہ شاہد نے بتایا ہے کہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ یونیورسٹی بس کا انتظار کر رہی تھی، اس دوران دو ڈاکو آئے اور اُن سے اسلحے کے زور پر بیگ اور موبائل چھیننے کی کوشش کی۔

19 سالہ بسمہ کے مطابق پہلے وہ پستول دیکھ کر ڈر گئی تھی مگر پھر ہمت کر کے ناصرف ڈاکوؤں سے پستول چھین لی بلکہ ایک کو قابو کرنے میں بھی کامیاب ہو گئی۔

بسمہ کے مطابق اُن کے پستول چھیننے پر ایک ڈاکو موقع پر ہی ڈر کر بھاگ گیا تھا جبکہ ایک کو اُنہوں نے پکڑ لیا تھا اور پولیس کو کال کر کے ڈاکوؤں کو پولیس کے حوالے کر دیا تھا۔

19 سالہ بسمہ کے مطابق اُن کی بہادری پر پولیس نے بھی اُنہیں سراہا ہے۔

بسمہ کے مطابق اُن کی والدہ نے کوئی زیور نہیں پہنا ہوا تھا اور اُن کے بیگ میں بھی موبائل اور آئی پوڈز کے علاوہ کچھ خاص نہیں تھا۔

بسمہ نے گھر سے باہر نکلنے والی دوسری خواتین کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ گھر سے باہر جاتے ہوئے ہمیشہ اپنے پاس اپنی حفاظت کے لیے کچھ نہ کچھ ضرور رکھیں۔

وائرل ویڈیو اور واقعے کا پسِ منظر

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے یونیورسٹی کی ایک طالبہ نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں سے اسلحہ چھین کر ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

طالبہ یونیورسٹی بس کا انتظار کر رہی تھی کہ اس دوران مسلح ڈاکوؤں نے اس سے پرس چھیننے کی کوشش کی تھی۔

طالبہ نے مزاحمت کرتے ہوئے ملزم سے پستول چھین لی تھی۔