ہالینڈ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کیلئے ویبینار

November 25, 2022

دی ہیگ (نمائندہ جنگ) سفارتخانہ پاکستان دی ہیگ نے ہالینڈ میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی طلباء کی رہنمائی کیلئے ویبینار کا سلسلہ شروع کیا ہے۔اس حوالے سے پاکستان یوتھ اینڈ اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن ہالینڈ (PYSA) کے تعاون سے بیچلرز اور ماسٹرز لیول کے طلباء کے لیے پہلا ویبینار منعقد کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان سے بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی ویبینار میں مقررین نے داخلے کی ضروریات، طریقہ کار، مختلف اسکالرشپس اور ہالینڈز میں زندگی کے بارے میں تفصیلی معلومات دیں۔ سفیر پاکستان سلجوق مستنصر تارڑ نے پاکستانی طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہالینڈ میں دستیاب مواقع سے بھرپورفائدہ اٹھائیں، انہوں نے تفصیلی معلومات دینے اور شرکاء کے سوالات کے جوابات دینے پر(PYSA) کے نمائندوں کی کوششوں کو بھی سراہا۔ اگلا ویبینار پی ایچ ڈی کے امیدواروں کے لیے منعقد کیا جائے گا۔