کراچی؛ اسکول میں بندر آنے سے افراتفری مچ گئی

November 25, 2022

کراچی کے علاقے جیکب لائن کے سرکاری اسکول میں اچانک بندر کے آنے سے افراتفری مچ گئی، اساتذہ اور طلبا خوف کا شکار ہوگئے۔

کراچی جیکب لائن میں واقع گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول میں اچانک بندر گھس آیا۔ جس کی وجہ سے اسکول طلبہ و اساتذہ میں خوف پھیل گیا۔

اسکول انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آئے روز بندر آ جاتے ہیں، یہ دو دن پہلے کی ویڈیو ہے جبکہ گزشتہ ہفتے بھی دو بار بندر اسکول میں آ چکے ہیں۔

اسکول انتظامیہ کے مطابق بندر اسکول کے سامان کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں بچوں اور اساتذہ کو بھی تنگ کرتے ہیں۔

کنزرویٹر سندھ وائلڈ لائف جاوید مہر کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر بندر کسی کا پالتو ہو سکتا ہے جو بھاگا ہوا ہو، اس حوالے سے محکمہ جنگلی حیات کے اہلکاروں کو تفصیلات حاصل کرنے کا کہا ہے۔