پاکستان میں کرکٹ سیریز چیلنجنگ ہوگی، انگلش کوچ برینڈن میک کولم

November 28, 2022

فائل فوٹو

انگلینڈ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہپاکستان میں کرکٹ سیریز چیلنجنگ ہو گی، گرین شرٹس کو شکست دینے کے لیے انگلینڈ کو اچھا کھیلنا ہوگا، شاہین شاہ کی عدم دستیابی پاکستان کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے برینڈن میک کولم نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کے لیے بہت جذباتی شائقین ہیں، پاکستان میں اچھی مہمان نوازی کی جا رہی ہے۔

برینڈن میک کولم کا کہنا ہے کہ عرب امارات میں بہترین کیمپ میں حصہ لیا، پاکستان میں آ کر اچھا لگ رہا ہے، دونوں ٹیموں نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اچھی ٹریننگ کی ہے۔

امید ہے مارک ووڈ دوسرے ٹیسٹ میچ میں دستیاب ہوں گے، راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے اچھی پچ بننے کی امید کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کے لیے پُرجوش ہیں۔

انگلش کوچ کا مزید کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی ایک بہترین فاسٹ بولر ہیں، ان کی عدم دستیابی پاکستان کے لیے بہت بڑا نقصان ہے، پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ بہت اچھا ہے جو سینئرز اور جونیئرز کھلاڑیوں پر مبنی ہے۔

انگلینڈ کے ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے خلاف جارحانہ مزاج کی کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے، پاکستان کے پاس ماضی میں بہترین فاسٹ بولرز آئے ہیں، پاکستان میں پہلی بار آکر خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کئی سالوں سے کرکٹ نہیں ہوئی، پاکستان کی ایک جنریشن نے اپنے کھلاڑیوں کو اپنے سامنے کھیلتے نہیں دیکھا، پاکستان میں آئندہ چند ہفتے محظوظ ہو کر کرکٹ کھیلیں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مختلف کنڈیشنر میں خود کو ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں، گرین شرٹس کو شکست دینے کے لیے انگلینڈ کو اچھا کھیلنا ہوگا، پاکستان میں بہترین سیریز کے منتظر ہیں۔