سول سیکرٹریٹ منصوبے کی تکمیل کیلئے اگست 2023 کی ڈیڈ لائن مقرر

November 30, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کیپٹن( ر) ثاقب ظفر کی ہدایت پر سول سیکرٹریٹ کے منصوبے کی ہفتہ وار مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔اسی سلسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری سروسز جنوبی پنجاب محمدفاروق ڈوگر نے سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔دپٹی سیکرٹری کوآرڈنیشن علی عاطف بُٹر بھی انکے ہمراہ تھے۔ آئی ڈیپ کے انجینئرز نے اس موقع پر منصوبے بارے بریفنگ دی۔ایڈیشنل سیکرٹری سروسز محمد فاروق ڈوگر نے منصوبے پر کام کی رفتار بڑھانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سیکرٹریٹ کے منصوبے پر لیبر اور مشینری کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔انہوں نےمزید کہا کہ حکومت نے منصوبے کی تکمیل کے لئے اگست 2023 کی ڈیڈ لائن مقرر کی ہے اور ہر صورت اگست2023 میں منصوبے کا افتتاح کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کی ہدایت کے مطابق ہر ہفتے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیاجائے گا۔ آئی ڈیپ کے انجنئرز نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے اور سیکرٹریٹ کا گراونڈ فلور مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ فرسٹ اورسیکنڈ فلور پر کام تیزی سے جاری ہے۔اس کے علاوہ جی او آر کی چھ رہائش گاہوں کی تعمیر بھی جاری ہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ504 کنال رقبہ پر محیط ہے اور منصوبے پر ساڑھے تین ارب روپے سے زائد رقم خرچ کی جارہی ہے۔