سیلاب کے باوجود ملک میں گندم بحران کا خدشہ نہیں، مریم اورنگزیب

November 30, 2022

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سیلاب کے باوجود ملک میں گندم کے بحران کا خدشہ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا استعفیٰ قبول نہیں کیا۔

انہوں نے بتایا کہ دوران اجلاس کوئٹہ دھماکے کے شہداء کےلیے دعا کی گئی، کابینہ نے انسداد پولیو مشن کی تکمیل میں پولیو ورکرز کی کارکردگی کو سراہا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اس موقع پر اعظم نذیر تارڑ اور سردار ایاز صادق کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ سال کے لیے گندم کے ذخائر موجود ہیں، یہ ذخائر گزشتہ برس کی نسبت 2 فیصد زائد ہیں۔

مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی وی کے فیفا ورلڈ کپ کے حقوق سے دستبرداری کے معاملے کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فیفا حکام سے نشریاتی حقوق کی واپسی کے حوالے سے ابھی مذاکرات جاری ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ بہارہ کہو بائی پاس کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق عمل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سردار ایاز صادق کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی نے تمام اسٹیک ہولڈرز کا مؤقف سنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کمیٹی میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے متفقہ سفارشات پر اتفاق کیا، تمام سفارشات کی منظوری وفاقی کابینہ نے دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی کابینہ سے منظور ہونے کے بعد یہ سفارشات اسلام آباد ہائیکورٹ بھیج دی جائیں گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ واشنگٹن میں 2 عمارتیں پاکستانی سفارتخانے کے زیر استعمال ہیں، عمارتوں کے حوالے سے بروقت فیصلے نہ کرنے پر 8 لاکھ 19 ہزار ڈالر ٹیکس ادا کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی ٹیکس حکام نے کہا ہے کہ اگر یہ عمارتیں نیلام نہ کی گئیں تو 13 لاکھ ڈالر ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔

مریم اورنگزیب نے بتایا کہ عمارتوں کی پہلے بولی 45 لاکھ ڈالر آئی اب 65 لاکھ ڈالر آچکی ہے، کابینہ نے شفاف طریقے سے ان عمارتوں کی فروخت کی منظوری دی ہے۔