آرٹس کونسل ، " نیا میڈیا نئے تقاضے" کے عنوان سے اجلاس کا انعقاد

December 05, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر)آرٹس کونسل میں جاری پندرھویں عالمی اردو کانفرنس کے آخری روز " نیا میڈیا نئے تقاضے" کے عنوان سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صحافی عاصمہ شیرازی نے کہا ہےکہ یوٹیوبر بہت معروف ہو رہے ہیں اور لوگ ان کے پیچھے جاتے ہیں،میں بھی یوٹیوبر ہوں کیوں کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ لوگوں تک پہنچنا ہے، جھوٹ کا توڑ میں نے یوٹیوب کے ذریعے دیا، آج بھی لوگ سچ سننا چاتے ہیں سچ کو پسند کرتے ہیں، میڈیا کو جدید تقاضوں کے مطابق استعمال کرنا چاہیے، جب آمریت ہو تو صحافی کو سچ کا ساتھ دینا چاہیے،اویس توحید نے کہا کہ سوشل میڈیا نے پاکستانی صحافت کو بہت بڑا چیلنج دیا ہے، صرف پاکستان ہی نہیں امریکا جیسے ترقی یافتہ معاشرے میں بھی تبدیلی آئی، سوشل میڈیا کے زمانے میں سچ وہ ہے جو لوگ چاہتے ہیں، نوجوان صحافی عبداللہ سلطان نےکہا کہ اب سب سے بڑی مشکل یہ ہے کہ سچ اور جھوٹ کو کیسے الگ کریں جب کہ ماضی میں تھوڑا سا شبہ بھی ہوتا تھا تو خبر روک لی جاتی تھی،ابصا کومل نے کہا کہ اب قارئین اخبار نہیں پڑھتے بلکہ اپنے موبائل پر سرخی بھی کافی ہوتی ہے، لوگ زیادہ تر یوٹیوب پر یقین کرتے ہیں،جاوید سومرو نے کہا کہ جب سے ڈیجیٹل سسٹم شروع کیا ترجیحات تبدیل ہو گئیں اب ہم سوچتے ہیں کہ ہیڈ لائن کیا لگائیں کہ لوگ فوری دیکھیں، الزامات کی روک تھام کے لیے قانون سازی ہونا چاہیے تاکہ کچھ بہتری پیدا ہو۔