گیس کمپریسر کے غیر قانونی استعمال پر کنکشن منقطع، ایک ماہ تک بحال نہیں ہوگا

December 08, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)جنرل منیجر سوئی گیس ملتان ریجن شہزاد اقبال لون نے کہا ہے کہ عوام کو گھروں میں شیڈول کے مطابق مطلوبہ پریشر میں گیس کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں۔ جس کے اندر خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو دن کے تین اوقات میں شہر کے مختلف علاقوں میں جا کر گیس کمپریسر کے غیر قانونی استعمال پر گیس میٹرز کو منقطع کر رہی ہیں جو کہ نہ صرف ایک ماہ تک بحال نہ ہوں گے بلکہ محکمہ متعلقہ صارفین کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کرے گا۔ نیز گیس صارفین کی سہولت کے لئے محکمے کی جانب سے اوگرا ریٹس پر ایل پی جی سلنڈرز بھی فراہم کئے جا رہے ہیں جس کے لئے کمپنی کی ویب سائیٹ پر آن لائن اپلائی کیا جاسکتا ہے۔ صارفین کو انکی گھر کی دہلیز پر سلنڈر پہنچایا جائے گا۔