ایلون مسک کچھ گھنٹوں کیلئے امیر ترین نہیں رہے تھے

December 08, 2022

فائل فوٹو

ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی اور ٹوئٹر کے سربراہ ایلون مسک سے دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز چھن کر ایک بار پھر مل گیا۔

بین الاقوامی ادارے فوربس نے دنیا کی امیر ترین شخصیات کی نئی فہرست جاری کردی، جس کے مطابق رواں برس ٹیسلا کے حصص کی قیمت میں کمی اور ٹوئٹر کی 44 بلین ڈالرز کی ڈیل کی وجہ سے ایلون مسک کی دولت میں زبردست کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

گزشتہ روز ایلون مسک چند گھنٹوں کے لیے دنیا کے امیر ترین شخص ہونے کا اعزاز کھو بیٹھے تھے۔

ان سے یہ اعزاز لگژری برانڈ لوئس ووٹن کی پیرنٹ کمپنی LVMH کے چیف ایگزیکٹیو برنارڈ آرناولٹ اور ان کے خاندان نے چھین لیا تھا۔

تاہم برنارڈ آرناولٹ اور ان کا خاندان ایک بار پھر 185.3 بلین ڈالرز کی دولت کے ساتھ فوربس کی فہرست میں دوسرے نمبر پر واپس آ گئے ہیں۔

فوربس کی رپورٹ کے مطابق ایلون مسک نے ستمبر 2021 میں ایمیزون کے بانی جیف بیزوس کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز اپنے نام کیا تھا۔

اس وقت ایلون مسک اپنی مجموعی دولت 185.7 بلین ڈالر ز کے ساتھ اس فہرست میں ایک بار پھر سرفہرست ہیں۔

تاہم رواں برس ٹیسلا کے حصص گزشتہ دو برسوں کی کم ترین سطح پر آ گئے ہیں جس کے بعد ایلون مسک کی مجموعی دولت میں 200 بلین ڈالرز سے کم ہوگئی۔