نعتِ رسول مقبول ﷺ

December 09, 2022

جمال احمد جمال

بے زبانوں کے دل کی زباں، آپؐ ہیں

بے زباں شہرِ دل کی اماں، آپؐ ہیں

آئینہ خانۂ دل میں، ہر ایک کی

نعمتِ عشق کی کہکشاں، آپؐ ہیں

ہر زمانے نے توقیر کی، آپؐ کی

دینِ حق لے کے جب درمیاں، آپؐ ہیں

سرپہ روزِ قیامت بھی، سایہ فگن

جب سرِ حشر بھی سائباں، آپؐ ہیں

رفعتیں ساری، منسوب ہیں، آپؐ سے

ہے یقیں، عرش کے آسماں، آپؐ ہیں

رازِہستی میں پنہاں، حقیقت جو ہے

اُس حقیقت سے اٹھتی اذاں، آپؐ ہیں

جوکہ بعد از ابد بھی درخشاں رہا

وہ جمالِ ازل بے گماں، آپؐ ہیں