کرپشن کسی بھی معاشرے کے لئے ناسور کی مانند ہے، وزیر بلدیات

December 10, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کرپشن کسی بھی معاشرے کے لئے ناسور کی مانند ہے جو معاشروں کو برباد کردیتا ہے ، فرائض کی دیانتدارانہ ادائیگی ہی معاشرے کی نشوونما، ترقی اورخوشحالی کی ضمانت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو سندھ سیکریٹریٹ سے شروع ہونے والی " کرپشن کے خلاف واک " کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سینیٹر وقار مہدی، سندھ سیکریٹریٹ کے ملازمین اور دیگر نے واک میں شرکت کی، واک نیو سندھ سیکریٹریٹ سے شروع ہوئی اور کبوتر چورنگی، سندھ اسمبلی گیٹ، آرٹس کونسل چورنگی اور آرٹس کونسل کے سامنے سے گذرتی ہوئی واپس نیو سندھ سیکریٹریٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔علاوہ ازیں وزیر بلدیات نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین کے خلاف گمراہ کن مہم سے جگ ہنسائی کرائی اب اتحادی حکومت کی پالیسیوں کے سبب حالات بہتری کی طرف بڑھ رہے ہیں۔