کراچی: پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے، اماراتی قونصل جنرل

December 14, 2022


متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای حکومت پاکستان کے عوام کی خدمت جاری رکھے گی۔

کراچی میں متحدہ عرب امارات کے قونصل خانے کے زیر اہتمام افضال تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن کی طرف سے تقریب منعقد کی گئی جس میں صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ نے بھی شرکت کی۔

تقریب میں یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی، اداکار جاوید شیخ اور افضال فاؤنڈیشن کی انتظامیہ بھی شریک تھی۔

اس موقع پر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تھیلیسیمیا موذی مرض ہے جو تیزی سے پھیل رہا ہے، ضرورت ہے کہ مریضوں کو مفت علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن کی جانب سے آج کی اہم تقریب یو اے ای قونصل خانے کے تعاون سے منعقد کی گئی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ افضال فاؤنڈیشن کے سپورٹرز کے لیے دعاگو ہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ ان کی ہمت میں اضافہ کرے تاکہ تھیلیسیمیا کے مریضوں کو مفت علاج کی سہولتیں مل سکیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم متحدہ عرب امارات کی حکومت اور بالخصوص قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیثی کے بےحد شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں افضال فاؤنڈیشن تھیلیسیمیا جیسے مرض میں مبتلا مریضوں کی خدمت کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ افضال تھیلیسیمیا فاؤنڈیشن کی کاوشیں قابل تحسین ہیں جو یو اے ای حکومت کی مدد سے سندھ میں فلاحی کاموں میں مصروف ہے۔