انضمام الحق نے ’ناراض‘ جنید خان کو امید دلادی

June 11, 2016

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ’’ناراض ‘‘ فاسٹ بولر جنید خان کو ٹیم میں شامل کرنے کی ’’امید ‘‘ دلا دی ہے۔

فیس بک پر اپنے آفیشل پیج پر دیئے گئے پیغام میں انضمام الحق نے کہا ہےکہ جنید خان بہترین بولر ہیں لیکن انہیں ردھم میں آنے کے لیے تھوڑا وقت درکار ہے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ایسی خبریں سامنے آئی تھیں کہ جنید خان نے پی سی بی اور سلیکٹرز کے رویے سے دلبرداشتہ ہوکر انگلینڈ میں مستقل سکونت اختیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے تاہم جنید خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر دیئے گئے پیغام میں ان خبروں کی تردید کردی تھی۔