• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائدِ اعظم کا یوم ولادت: وزارائے اعلیٰ پنجاب و بلوچستان کا پیغام

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو 

بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ ولادت پر وزارائے اعلیٰ پنجاب و بلوچستان نے پیغام جاری کیا ہے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے یومِ ولادت پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی سے زیادہ قیمتی کوئی چیز نہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ بحیثیت قوم آزاد وطن میں سانس لینے پر ہم قائدِ اعظم کا عظیم احسان کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔

اُنہوں نے بانیٔ پاکستان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ قائدِ اعظم عظیم سیاسی مدبر تھے، گفتار کے نہیں، کردار کے غازی تھے، اُنہوں نے تاریخ کے دھارے کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آج خود کو جانچنے کا دن ہے کہ ہم قائد کے پیغام پر کس قدر عمل پیرا ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو محمد علی جناح کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے قائدِ اعظم کے نظریے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ تحمل، برداشت اور رواداری پر مبنی فلاحی معاشرے کا قیام بانیٔ پاکستان کا خواب تھا۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کیا کہا؟

دوسری جانب وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بھی قائدِ اعظم محمد علی جناح کے یومِ پیدائش پر پیغام جاری کیا ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد رکھنے پر زور دیا ہے۔

میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ پوری قوم اتحاد و اتفاق سے دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

قومی خبریں سے مزید