چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہےکہ اب سیاسی تناؤ میں کمی ہونی چاہیے، بہتر ہے کہ بانی چیئرمین کی رہائی ہو۔
جیو نیوز سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم قوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم نےاتفاق اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، اسمبلی میں جو قرارداد پیش کی گئی اس کو ہم نے سپورٹ کیا۔
انہوں نے کہا کہ قرارداد کے بعد ہم نے کسی قسم کا کوئی احتجاج بھی نہیں کیا، وزیراعظم کی تقریر میں پوری قوم اور ہم نے بھی اتحاد کا مظاہرہ کیا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ اگر دشمنوں اور غیروں کے ساتھ صلح ہوسکتی ہے تو اپنوں کے ساتھ بھی ہونی چاہیے، اب قوم کی بھی آواز ہے کسی صورت اختلافات نہ ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ والدین کو اگر آپ جیل میں رکھو تو بچے کب تک آپ کا ساتھ دیں گے، ایسے میں بچے کب تک آپ کے ساتھ فنکشن منائیں گے اور کیوں منائیں؟
پی ٹی آئی چیئرمین نے یہ بھی کہا کہ بہتر ہے کہ اس اتحاد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بانی چیئرمین کی رہائی ہو، پارٹی رہنماؤں کو جیل میں موجود قیادت سے ملاقات کی اجازت ہو۔