عمران نے مرشد سے مل کر پورا توشہ خانہ خالی کیا، وزیرداخلہ رانا ثناء

December 25, 2022

فوٹو: فائل

وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ کا کہنا ہے کہ عمران خان نے گھر میں بیٹھی مرشد سے مل کر پورا توشہ خانہ خالی کیا، یہ جس وقت مخالفین کو چور ڈاکو کہہ رہا تھا اسی وقت توشہ خانے سے چوریوں میں مصروف تھا۔

فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ الیکشن اکتوبر 2023 میں ہوں گے اور نواز شریف آکر ن لیگ کی انتخابی مہم چلائیں گے۔ اگر پنجاب اسمبلی ٹوٹی تو الیکشن میں ن لیگ اکثریت حاصل کرے گی۔

وزیر داخلہ نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے خلاف اب کیسز بنیں گے، اس نالائق انسان نے اقتدار میں آکر سی پیک منصوبے کو ردی کی ٹوکری میں ڈالا، انہوں نے چار سال میں کوئی کام نہیں کیا، اس نے توشہ خانوں سے گھڑیاں چوری کیں۔

رانا ثناءاللّٰہ نے کہا کہ یہ کل بھی کرپشن کی بات کر رہا تھا، خود اپنی کرپشن کی بات نہیں کرتا، یہ جہاں جاتا ہے، گھڑی چور کے نعرے لگتے ہیں، کہتے تھے اسلام آباد میں 26 نومبر کو عوام کا سمندر آئے گا، پھر یہ سمندر عوام نے دیکھا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ 2013 میں عوام نے مسلم لیگ (ن) کو اقتدار سونپا، مسلم لیگ (ن) کے چار سال میں ملک سے دہشتگردی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوا، ابھی تک بھی ملک میں لوڈشیڈنگ کا کوئی خطرہ نہیں، خیبر پختونخوا کی حکومت صوبے سے 7، 8 ماہ سے غائب ہے، کے پی کے میں کوئی حکومت نہیں، پولیس کا کوئی حال نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک چیز بتا دیں جو انہوں نے ملک کی بہتری کے لیے کی ہو، ہم سی پیک لے کر آئے، انہوں نے بند کیا، اگر سی پیک پر عملدرآمد ہوچکا ہوتا تو ملک میں کوئی بےروزگار نہ ہوتا۔