سوشل میڈیا کی شہرت حاصل کرنے کے لیے لوگ اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے سے بھی گریز نہیں کرتے، بھارت کے شہر گوالیار میں شادی کی تقریب کے دوران بنائی گئی ایک ویڈیو نے سوشل میڈیا پر ہنگامہ کھڑا کر دیا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نئی نویلی دلہن چلتی گاڑی کے بونٹ پر بیٹھ کر پر فلمی انداز میں بالی ووڈ گانے پر رقص کر رہی ہے جبکہ دلہا کار کی چھت پر کھڑا ہو کر تلوار لہرا رہا ہے۔
اس خطرناک حرکت پر ناصرف پولیس نے فوری کارروائی کی ہے بلکہ سوشل میڈیا صارفین نے بھی جوڑے کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
دلہن نے بھاری کامدار لہنگا، چوڑیاں، جھومر اور روایتی زیورات پہن رکھے تھے جبکہ دلہا شیروانی پہنے تلوار گھماتے ہوئے گاڑی کی چھت پر کھڑا تھا. یہ خطرناک منظر شہر کی ایک مصروف سڑک پر دیکھا گیا جس پر کئی شہری حیران و پریشان نظر آئے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گوالیار ٹریفک پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے ویڈیو سے گاڑی کا نمبر حاصل کیا اور جوڑے کا پتا لگایا۔
پولیس نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ یہ حرکت نہایت غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک تھی، جس سے ناصرف دلہا دلہن بلکہ سڑک پر موجود دیگر افراد کی جان کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا تھا، جوڑے کا چالان کیا گیا ہے اور مزید کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔
واقعے کی ویڈیو انسٹاگرام پر چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہو گئی، صارفین نے اس عمل کو حماقت، شہرت کی ہوس اور ذمہ داری سے عاری رویہ قرار دیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ اتنی بڑی شادی اور دماغ گھر بھول آئے؟ ایک اور نے کہا کہ یہ لوگ شادی نہیں بلکہ تماشا کرنے نکلے ہیں، ایسا رقص کسی شادی کی زینت نہیں بلکہ معاشرے کےلیے بدنامی کا سبب ہے۔