دہشت گرد عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، وزیر اعظم

December 25, 2022

وزیراعظم شہباز شریف - فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کیپٹن سمیت 5 فوجی جوانوں کی شہادت اندوہناک واقعہ ہے، دہشت گرد عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ قوم دفاع وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ہیروز کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعات کی مذمت کی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے نتیجے میں ایک کیپٹن اور 4 جوانوں کی شہادت ہوئی ہے، چند دنوں میں چمن بارڈر جھڑپ، بنوں، اسلام آباد کے بعد یہ چوتھا اندوہناک واقعہ ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ فورسز کمال جواں مردی کے ساتھ ملکی دفاع کے لیے جانیں قربان کر رہی ہیں، قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے، اپنی بہادر سپاہ کے ساتھ یکجہتی کی ضرورت ہے۔