کراچی: نائی کی دکان پر ڈکیتی، 10 موبائل، 90 ہزار روپے لوٹ لیے گئے، ویڈیو وائرل

January 08, 2023

کراچی غربی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مسلح ملزمان نے ہیئر ڈریسر شاپ پر موجود شہریوں سے 10 موبائل فون اور 90 ہزار روپے لوٹ لیے، واقعے کی ویڈیو سامنے آ گئی۔

پولیس کے مطابق واردات اورنگی ٹاؤن قذافی چوک پر موجود نائی کی دکان میں ہوئی، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 3 کم عمر مسلح ملزمان نے دکان میں داخل ہو کر وہاں بال کٹوانے میں مصروف شہریوں کو یرغمال بنا لیا۔

سی سی ٹی وی ویڈیو میں مسلح ڈکیتوں کو لوٹ مار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

واردات میں ملوث ملزمان کا ایک ساتھی دکان کے باہر اسلحہ تانے کھڑا نظر آ رہا ہے، جبکہ دوسرے مسلح شخص نے دکان کی تمام درازوں سے نقدی اور قیمتی اشیاء نکال لیں۔

مسلح شخص نے دکان میں موجود کسٹمرز اور دیگر افراد کی جیبوں سے بھی قیمتی اشیاء نکال لیں۔

ڈکیت شہریوں سے 10 موبائل فون اور 90 ہزار روپے سے زائد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔