ملک کے بڑے حصے میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن، کچھ علاقوں میں بجلی بحال

January 23, 2023

ملک کے بڑے حصے میں بجلی کا طویل بریک ڈاؤن ہے، وزير توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ رات تک ملک بھر میں بجلی بحال کر دی جائے گی۔

ملک بھر میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کے بعد پورا ملک اندھیرے میں ڈوب گیا، صبح سات بج کر 34 منٹ پر ہونے والے بجلی بریک ڈاؤن نے پورا ملک ہی لپیٹ میں لے لیا۔

بریک ڈاؤن کی وجہ سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہوگیا، بریک ڈاؤن کو 10 گھنٹے گزرنے کے بعد وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر نے کہا آج رات بجلی بحال کردیں گے مگر یہ سب کیوں ہوا ابھی تک کچھ واضح نہیں، وزیر اعظم کی ہدایت پر تحقیقاتی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔

بریک ڈاؤن کے ڈیڑھ گھنٹے بعد اسلام آباد اور پشاور میں جزوی طور پر دو گھنٹے تک بجلی بحال ہوئی مگر سسٹم پھر بیٹھ گیا، شام ساڑھے پانچ بجے سے راولپنڈی، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور جہلم سمیت ملک کے بعض علاقوں میں جزوی طور پر بجلی بحالی کا عمل جاری ہے۔

بجلی کے بریک ڈاؤن نے وفاقی دارالحکومت کے علاوہ صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر کو اندھیروں میں ڈبو دیا۔

سارا دن جاری رہنے والے بجلی بریک ڈاؤن نے کاروبار زندگی کو بری طرح متاثر کیا، ملک بھر میں بجلی کی مکمل بحالی کب تک ہوگی، اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں بتایا جا رہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بریک ڈاؤن کا سخت نوٹس لیا ہے جس کےبعد تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے، جبکہ نیپرا نے بھی این ٹی ڈی سی بریک ڈاؤن پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔

بجلی کی بندش سے مختلف اسپتالوں میں آپریشن ملتوی کردیے گئے، فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں کام ٹھپ ہوگیا، دھابیجی سے کراچی کو پانی کی فراہمی بند ہوگئی۔

کراچی کے کچھ علاقوں میں بھی بجلی بحال ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث کراچی میں دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر پانی کی لائن پھٹ گئی۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مطابق پیر کی صبح دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر پاور بریک ڈاؤن کی وجہ سے پانی کی 72 انچ قطر کی لائن پھٹ گئی۔

دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سے سپلائی منقطع ہونے کے باعث کراچی کو دو کروڑ گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں کے فلیٹوں میں رہائش پذیر شہری بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث پانی نہیں بھر سکے۔

72 انچ قطر کی لائن کی مرمت میں 48 گھنٹے درکار ہوں گے۔

واٹر بورڈ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ پانی کے استعمال میں احتیاط کریں۔