وزیر توانائی خرم دستگیر نے ملک بھر میں پاور بریک ڈاؤن ہونے کی وجہ بتا دی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ پاور بریک ڈاؤن کی بحالی کیلئے کوشش کر رہے ہیں، نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی متاثر ہوئی جس سے بریک ڈاؤن ہوا، بجلی کا ترسیلی نظام محفوظ ہے۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ صبح 7 بج کر 34 منٹ پر نارتھ ساؤتھ ترسیلی کوریڈور میں وولٹیج کا غیر معمولی اتار چڑھاؤ آیا، فریکوئنسی میں بھی اتار چڑھاؤ آیا جس سے نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی متاثر ہوئی، نیشنل گرڈ کی سسٹم فریکوئنسی متاثر ہونے سے ملک میں بجلی کا وسیع بریک ڈاؤن ہوا۔
خرم دستگیر نے کہا کہ بجلی کے ترسیلی نظام میں کوئی خرابی یا حادثہ نہیں ہوا، کےالیکٹرک نے بھی جزوی طور پر سسٹم بحال کر دیا ہے، ہائیڈل سسٹم کو دوبارہ چلانے میں کچھ مشکلات آئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایک، ایک کرکے ملک کے تمام بجلی کارخانے شروع کر رہے ہیں، ان کارخانوں کو شروع کرنے کیلئے بھی بجلی درکار ہوتی ہے، کارخانے چلانے کیلئے فرنس آئل پر بجلی پیدا کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
خرم دستگیر نے کہا کہ امید ہے کہ آج رات تک ملک میں بجلی بحال کر دی جائے گی، بجلی کے نظام کی بحالی کیلئے بھرپور کوشش کر رہے ہیں، پورے ملک میں ٹیمیں فنی خرابی دور کرنے کیلئے متحرک ہیں، بلوچستان اور پنجاب کے کچھ علاقوں میں بجلی بحال کر دی گئی ہے، کےالیکٹرک کو بھی بجلی کی فراہمی کیلئے کام ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر بجلی بریک ڈاؤن کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔