چوہوں کو مارنے کیلئے چہرے شناخت کرنے والا سافٹ ویئر تیار

January 23, 2023

دنیا کے سب سے بڑے کیڑے مار گروپ نے چوہوں کو مارنے کیلئے چہرہ شناخت کرنے والا سافٹ ویئر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کئی گھروں میں اس کے تجربات جاری ہیں، یہ سافٹ ویئر ’رینٹوکل‘ نامی گروپ نے 18 مہینے پہلے ووڈافون کے ساتھ مل کر بنایا تھا۔

سافٹ ویئر میں چوہوں کی عادات کا مشاہدہ کرنے کے بعد فیصلہ کیا جاتا ہے کہ انہیں کس طرح مارا جائے۔

رینٹوکل گروپ کا کہنا ہے کہ دنیا میں ایک ہزار سال کے دوران ہونے والی جنگوں میں اتنے انسان نہیں مرے جتنے چوہوں کی وجہ سے مرے ہیں۔

کمپنی کے سی ای او اینڈی رینسم نے فنانشل ٹائمز کو بتایا کہ چہرے شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی کے ذریعے آپ دیکھ سکیں گے کہ چوہے کھانا کہاں سے کھا رہے ہیں، سونے کہاں جا رہے ہیں، کون سے چوہے نقصان پہنچا رہے ہیں، عمارت کی کس جگہ سے نکل کر آرہے ہیں اور بعد میں کہاں جا رہے ہیں اور کیا وہی چوہا دوبارہ آگیا ہے جس نے پچھلے ہفتے بھی واردات کی تھی۔

یہ ٹیکنالوجی بنانے کیلئے رینٹوکل نے لیبارٹری میں کیمروں کے ذریعے چوہوں کا مشاہدہ کیا اور ان کے برتاؤ کو اپنے مصنوعی ذہانت سسٹم میں منتقل کیا۔

اب کمپنی تجربے کے طور پر صارفین کے گھروں میں ٹیکنالوجی کی آزمائش کر رہی ہے۔