• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی آدمی کے پیٹ سے 6 ماہ بعد 15 سینٹی میٹر کا چمچ نکال دیا گیا

فوٹو بشکریہ چینی میڈیا
فوٹو بشکریہ چینی میڈیا 

چین میں ڈاکٹرز نے 29 سالہ شخص کے پیٹ سے 15 سینٹی میٹر کا چمچ نکال لیا جو کہ اس نے 6 ماہ قبل تھائی لینڈ کے سفر کے دوران غلطی سے نگل لیا تھا۔

چینی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یان نامی شخص رواں ماہ پیٹ میں مسلسل درد کی وجہ سے شنگھائی کے ژونگشن اسپتال آیا تھا۔

ابتدائی طور پر یان کا خیال تھا کہ اس نے کھانا کھاتے ہوئے پلاسٹک کا کوئی ٹکڑا نگل لیا ہوگا لیکن میڈیکل امیجنگ میں چونکا دینے والی حقیقت سامنے آئی کہ اس کی چھوٹی آنت میں ایک چمچ موجود ہے۔

رپورٹ کے مطابق ڈاکٹرز نے صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی چیز کی ہلکی سی حرکت بھی جسم کے اندر خون بہنے، سوراخ ہونے یا آنتوں کی سوزش کا سبب بن سکتی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یان کو میڈیکل امیجنگ میں سامنے آنے والی حقیقت دیکھ کر یاد آیا کہ جنوری میں جب وہ تھائی لینڈ گیا تھا تو اس نے نشے کی حالت میں کافی کا چمچ استعمال کر کے الٹی کرنے کی کوشش کی تو چمچ اس کے ہاتھ سے پھسل گیا اور اس نے نگل لیا چونکہ وہ اس وقت اپنے ہوش میں نہیں تھا تو جب اسے ہوش آیا تو اس نے پورے واقعے کو ہیلوسینیشن سمجھ کر نظر انداز کر دیا۔

رپورٹ کے مطابق یان کو تھائی لینڈ سے چین واپس آنے کے بعد کئی مہینوں تک کوئی تکلیف بھی نہیں ہوئی تھی۔

اس واقعے نے چینی سوشل میڈیا پر صارفین کی خصوصی توجہ حاصل کرلی ہے۔

صارفین کی جانب سے اس واقعے پر حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے کہ کوئی انسان 6 مہینوں تک اپنے جسم کے اندر ایک چمچ کی موجودگی کیسے برداشت کر سکتا ہے۔

دلچسپ و عجیب سے مزید