• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھائی خاتون نے مچھلی کھائی، کانٹا گردن چیر کر باہر نکل آیا

—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا
—تصویر بشکریہ غیر ملکی میڈیا

تھائی خاتون نے غلطی سے مچھلی کا کانٹا نگل لیا جو اس کے گلے میں پھنس گیا، لیکن وہ اس وقت حیران و پریشان ہو گئی جب کانٹا اس کی گردن کو چیر کر باہر نکل آیا۔

فیس بک صارف سوریان بُپّا نے چونکا دینے والی تصاویر پوسٹ کیں جن میں مبینہ طور پر اس کی بیوی کی گردن دِکھائی گئی تھی، جس میں ایک سفید نوکیلی سوئی نما چیز جلد کو چیرتی ہوئی باہر نکلی ہوئی تھی۔

بعد میں اس تھائی شخص نے میڈیا کو بتایا کہ اس کی پوسٹ کا مقصد ان لوگوں کے لیے ایک وارننگ تھی جو مچھلی کھانے کے شوقین تو ہیں، لیکن یہ نہیں دیکھتے کہ وہ کانٹے سے پاک ہے یا نہیں۔

اس کے مطابق اس کی بیوی مچھلی کا سوپ پی رہی تھی جب وہ حادثاتی طور پر ایک کانٹے کو نگل گئی، جس کے بعد اس نے اپنی گردن میں تیز درد محسوس کیا۔

اس نے دیسی طریقوں سے کانٹے کو نکالنے کی کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا، وہ اسپتال گئی، جہاں ایکسرے میں بھی کوئی ایسی کوئی چیز نظر نہیں آئی۔

ایکسرے کے بعد بھی اسے گلے میں درد محسوس ہو رہا تھا، لیکن میاں بیوی نے سمجھا کہ کانٹا نکل چکا ہے، زندگی معمول کے مطابق چلتی رہی، اس نے سوچا زخم وقت کے ساتھ ٹھیک ہو جائے گا لیکن دو ہفتے بعد اس نے محسوس کیا کہ اس کی گردن سوج گئی ہے۔

خاتون کو لگا اسے تھائرائیڈ سے متعلق کوئی مسئلہ ہے، لہٰذا وہ دوبارہ اسپتال گئی، دوسرے ڈاکٹر نے بھی معمول کے مطابق گردن کا ایکسرے کیا، لیکن کوئی غیر معمولی چیز نظر نہیں آئی، اس لیے اس نے صرف کچھ دوا اور درد کم کرنے والی گولیاں تجویز کیں اور خاتون کو گھر بھیج دیا۔

گھر پہنچ کر جب سانگ لین اپنی گردن پر درد کم کرنے والی پٹی لگانے کی تیاری کر رہی تھی، تو اس نے اس جگہ کو رگڑنا شروع کیا جہاں اسے درد تھا، تب اسے محسوس ہوا کہ جلد کے نیچے کوئی نوکیلی چیز اس کی جلد کو دبا رہی ہے، اس نے تھوڑا دباؤ ڈالا تو ایک سفید، سوئی نما نوک دار چیز جلد کو چیر کر باہر آ گئی۔

حیران و پریشان جوڑا تیسری بار اسپتال گیا، اس بار ڈاکٹر آپریشن کے ذریعے خاتون کی گردن سے دو سینٹی میٹر لمبے مچھلی کے کانٹے کو نکالنے میں کامیاب ہو گئے۔

سانگ لین کا آپریشن کرنے والی ٹیم نے کہا کہ انہوں نے اس سے پہلے ایسا کوئی واقعہ کبھی نہیں دیکھا تھا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید