مکی آرتھر ڈربی شائر کے ہیڈ کوچ برقرار

January 24, 2023

مکی آرتھر—فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ مکی آرتھر کے ڈربی شائر کے ہیڈ کوچ کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔

برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سابق کوچ مکی آرتھر کے لیے صورتِ حال مشکل ہوتی جا رہی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق مکی آرتھر کا ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ڈربی شائر کے ساتھ 2025ء تک معاہدہ ہے اور ان کے ہی ڈربی شائر کا ہیڈ کوچ رہنے کی توقع ہے۔

برطانوی میڈیا نے مزید کہا ہے کہ اس سے قبل پی سی بی نے معاملات ختم ہونے کا اعلامیہ جاری کیا تھا، نجم سیٹھی کے بیان کے بعد مکی آرتھر نے ڈربی شائر چیف کے سامنے اپنی پوزیشن کلیئر کی۔

برطانوی میڈیا کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈربی شائر کے ہیڈ کوچ ہونے کے ساتھ مکی آرتھر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بات چیت بھی کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ مکی آرتھر کا باب بند نہیں کیا، اب بھی ان سے میرا رابطہ ہے، 90 فیصد معاملہ حل ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ مجھے امید ہے کہ مکی آرتھر جلد ہماری ٹیم کا حصہ ہوں گے، مارک کولز ابھی نمیبیا کے ساتھ مصروف ہیں، وہ بھی جلد ہمیں جوائن کر لیں گے۔